چہرے کی خوبصورتی ہر انسان کی خواہش ہوتی ہے، اسی لیے بہت سے لوگ مہنگی کریمیں، لوشنز اور دیگر بیوٹی مصنوعات استعمال کرتے ہیں۔
لیکن ماہرین کے مطابق ان چیزوں کا ضرورت سے زیادہ استعمال بعض اوقات فائدے کے بجائے نقصان دہ ثابت ہوتا ہے اور اس سے کیل مہاسوں جیسے مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔
اصل حقیقت یہ ہے کہ جلد کی صحت کا زیادہ انحصار ہماری روزمرہ کی عادات پر ہوتا ہے، جنہیں ہم عموماً اہمیت نہیں دیتے۔
ماہرینِ جلد کے مطابق رات کا وقت جلد کی مرمت اور بحالی کے لیے نہایت اہم ہوتا ہے۔ اس دوران جلد خود کو بہتر بناتی ہے اور استعمال کی گئی مصنوعات کو بھی زیادہ مؤثر طریقے سے جذب کرتی ہے۔ تاہم اگر سونے کے وقت کچھ عام غلطیاں کی جائیں تو یہی عمل جلد کے لیے نقصان دہ بن سکتا ہے اور مہاسوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ سوتے وقت کی چند چھوٹی لاپرواہیاں چہرے کی جلد پر منفی اثر ڈالتی ہیں۔ مثال کے طور پر گندا تکیہ استعمال کرنا، میک اپ صاف کیے بغیر سونا، بالوں میں تیل لگا رہنے دینا یا غیر صاف تولیہ چہرے پر استعمال کرنا—یہ سب عوامل مسام بند کر کے مہاسوں کو بڑھا سکتے ہیں۔
اسی طرح پیٹ کے بل سونا اور بغیر چہرہ دھوئے بستر پر جانا بھی جلد کے مسائل میں اضافہ کر سکتا ہے۔
ماہرین کے مطابق اگر ان چھوٹی عادات کو درست کر لیا جائے تو نہ صرف مہاسوں سے بچا جا سکتا ہے بلکہ جلد قدرتی طور پر صاف اور صحت مند بھی رہ سکتی ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ مہنگی مصنوعات کے ساتھ ساتھ اپنی روزمرہ عادات کو بھی بہتر بنایا جائے۔
1 Comments
Nice tip😍
ReplyDelete